بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بیرسٹر گوہر کا مطالبہ: عمران خان کا علاج شفاء انٹرنیشنل اسپتال میں ذاتی معالجین کے زیرِ نگرانی ہو

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پارٹی کے بانی عمران خان کا علاج شفاء انٹرنیشنل اسپتال میں ان کے ذاتی معالجین اور خاندان کی موجودگی میں مکمل کیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر جاری کردہ پیغام میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ “آج صبح 2 بجے مجھے ایک میسج کے ذریعے اطلاع ملی کہ بانی کو پی ایم ایس اسپتال میں انجیکشن لگانے کے لیے لایا گیا، لیکن مجھے پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔ ہمارا مطالبہ آج بھی وہی ہے کہ علاج مکمل طور پر ان کے ڈاکٹرز اور فیملی کی نگرانی میں ہو۔”
واضح رہے کہ عمران خان کو فالو اپ طبی معائنے کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا، جہاں ان کی آنکھ کے علاج کا اہم مرحلہ مکمل کیا گیا۔
پریس ریلیز کے مطابق، 24 فروری 2026 کو اڈیالہ جیل میں قید عمران احمد خان نیازی کو اینٹی VEGF انٹرا وٹریل انجیکشن کی دوسری خوراک کے لیے اسپتال لایا گیا۔ علاج سے قبل ماہرین کے بورڈ نے تفصیلی معائنہ کیا، جس میں کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ کی جانب سے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی کیے گئے، اور نتائج نارمل آئے۔ کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔
ڈاکٹرز نے باقاعدہ رضامندی کے بعد، آپریشن تھیٹر میں مقررہ حفاظتی پروٹوکول اور مانیٹرنگ کے تحت، کنسلٹنٹ آپتھلمولوجسٹ کی نگرانی میں مائیکروسکوپی گائیڈنس کے ساتھ انجیکشن کی دوسری خوراک دی، جسے کامیاب قرار دیا گیا۔