سندھ کابینہ نے کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 8 ارب 53 کروڑ روپے اور گل پلازہ آتشزدگی کے متاثرین کے لیے 7 ارب روپے معاوضے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے فنانس کمیٹی کی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کیں، جسے منظور کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ آئی آئی چندریگر روڈ پر تاریخی عمارت کے تحفظ کے لیے ایک ارب 57 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لیے 5 ارب 20 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی، جبکہ کچے کے علاقوں میں آپریشنز کے لیے سندھ پولیس کو 56 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
نوجوانوں کی تربیت اور آئی ٹی کے فروغ کے لیے پیپلز آئی ٹی پروگرام فیز ٹو کے تحت 90 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ روزگار اور آئی ٹی تربیت ہمارے مستقبل کی بنیاد ہیں اور حکومت ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے۔
سندھ کابینہ کا کراچی کی سڑکوں اور متاثرین گل پلازہ کے لیے مالی پیکج کی منظوری








