بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

برطانیہ: کافی شاپ کی ایک غلطی نے خاتون کو لمحوں میں ’امیر ترین‘ بنا دیا

برطانیہ کے شہر نوٹنگھم سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ کاروباری خاتون صوفی ڈاؤننگ اچانک اس وقت خبروں کی زینت بن گئیں جب ایک کافی شاپ کی تکنیکی غلطی نے انہیں کاغذوں میں دنیا کی امیر ترین خاتون بنا دیا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق صوفی کو کرسمس پر 10 یورو کا گفٹ کارڈ تحفے میں ملا تھا۔ جب انہوں نے اس کارڈ سے ماچا لاٹے خریدی تو رسید پر باقی رقم دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں۔ رسید میں 63 یورو کوادرلین (یعنی 63 کے بعد 15 صفر) ظاہر ہو رہے تھے۔
یہ رقم نہ صرف دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت سے کئی گنا زیادہ بنتی ہے بلکہ عالمی معیشت سے بھی سیکڑوں گنا زیادہ ہے۔ تاہم حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا۔
بعد ازاں کافی شاپ انتظامیہ نے وضاحت کی کہ یہ محض سسٹم کی ایک انتظامی غلطی تھی۔ گفٹ کارڈ کا نمبر غلطی سے کارڈ کی مالیت کی جگہ درج ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے رسید پر غیر حقیقی اور ناقابل یقین رقم ظاہر ہوئی۔
کافی شاپ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صوفی سے وہی رقم وصول کی گئی جو اصل میں بنتی تھی اور ان کے گفٹ کارڈ میں درست بیلنس ہی موجود تھا۔ بعد میں انہیں درست رسید بھی فراہم کر دی گئی۔
صوفی ڈاؤننگ نے اس دلچسپ واقعے پر ہنستے ہوئے کہا کہ وہ چند لمحوں کے لیے ’کاغذوں میں دنیا کی سب سے امیر خاتون‘ ہونے کا لطف ضرور اٹھا چکی ہیں۔