اسلام ٓباد (طارق محمود سمیر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ میں پولیس گاڑی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور افسوسناک کارروائی قرار دیا ہے۔ اس حملے میں ڈی ایس پی اسد محمود سمیت دیگر اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں شہید ڈی ایس پی اسد محمود اور ان کے ساتھیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن معاونت یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ریاست تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور سیکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کریں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے بہادر پولیس افسران اور جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں، اور ان کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی تاکہ ملک کو پائیدار امن نصیب ہو سکے۔
کوہاٹ حملہ: وزیراعظم کی شدید مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ








