بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: شاداب خان کے سسر ثقلین مشتاق نے ان کا دفاع کیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شاداب خان کی ناقص بولنگ کے بعد ان کے سسر ثقلین مشتاق سامنے آ گئے اور شاداب کا بھرپور دفاع کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد سرکاری ٹیلی ویژن کے پروگرام میں گرما گرم بحث ہوئی، جہاں سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ اور سابق اسپنر ثقلین مشتاق آمنے سامنے ہو گئے۔
بحث کا مرکزی موضوع قومی ٹیم میں شاداب خان کا اصل کردار تھا۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ شاداب کے بنیادی کردار سے متعلق ابہام ٹیم کے توازن پر اثر انداز ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ واضح ہونا چاہیے کہ شاداب کو بیٹنگ آل راؤنڈر سمجھا جائے یا بولنگ آل راؤنڈر، کیونکہ اسی بنیاد پر ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
دوسری جانب ثقلین مشتاق نے سختی سے شاداب کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ شاداب کئی مواقع پر بیٹ سے میچ وننگ اننگز کھیل چکے ہیں، اور انہیں صرف بولنگ آل راؤنڈر کہنا ان کی صلاحیتوں کو محدود کرنا ہے۔
محمد حفیظ نے جواب میں کہا کہ ہر آل راؤنڈر کو اپنی بنیادی ذمہ داری کا علم ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے دور میں کپتان اکثر کہتے تھے کہ “اگر بیٹنگ میں رنز نہیں بنائیں گے تو ہمیں آپ کی بولنگ کی ضرورت نہیں ہے۔”
ان کا مؤقف تھا کہ بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے لیے کھلاڑی کا واضح کردار ہونا نہایت ضروری ہے، کیونکہ یہی ٹیم کی کارکردگی اور توازن کو مستحکم رکھتا ہے۔