بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غیر بینکنگ سیکٹر کے اثاثوں میں 21 فیصد اضافہ، 6.84 کھرب روپے تک پہنچ گئے

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران غیر بینکنگ مالیاتی شعبے کے اثاثوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو دسمبر 2025 میں 6.84 کھرب روپے تک پہنچ گئے۔ یہ جون 2025 میں 5.63 کھرب روپے کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے، جس کا انکشاف سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے تازہ ترین اعداد و شمار سے ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق میوچل فنڈز کے اثاثے 4.5 کھرب روپے تک پہنچ گئے اور فنڈز کی تعداد 369 سے بڑھ کر 409 ہو گئی۔ سرمایہ کاری اکاؤنٹس کی تعداد بھی بڑھ کر 8 لاکھ 45 ہزار تک پہنچ گئی، جس میں جون 2025 کے بعد 8 فیصد اضافہ ہوا۔
میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کے رجحانات کے مطابق منی مارکیٹ فنڈز میں 44 فیصد، انکم فنڈز میں 23 فیصد اور ایکویٹی فنڈز میں 14 فیصد سرمایہ کاری کی گئی۔
رضاکارانہ پینشن اسکیم کے شرکاء کی تعداد 1 لاکھ 43 ہزار سے تجاوز کر گئی، اور پینشن اسکیم اکاؤنٹس میں چھ ماہ کے دوران 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
قرض فراہم کرنے والے این بی ایف سیز کے اثاثے 824 ارب روپے تک پہنچ گئے، جبکہ لینڈنگ سیکٹر کے اثاثوں میں 65 فیصد نمایاں اضافہ ہوا۔ شریعہ کمپلائنٹ اثاثوں کی مالیت 2.47 کھرب روپے ہو گئی، جو مجموعی اثاثوں کا 36 فیصد بنتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رجسٹرڈ NBFCs اور مضاربہ اداروں کی تعداد 185 ہو گئی ہے، جو جون 2025 میں 174 تھی، جس سے اس شعبے کی بڑھتی ہوئی سرگرمی اور سرمایہ کاری کی دلچسپی واضح ہوتی ہے۔