بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

روزے کی حالت میں روسٹرم پر گیا، چیف جسٹس نے سلام کا جواب نہیں دیا، سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ رمضان کے دوران روزے کی حالت میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے روسٹرم پر گئے اور چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کو سلام کیا، مگر انہیں سلام کا جواب تک نہیں ملا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چونکہ چیف جسٹس سے ملاقات نہیں ہو رہی تھی، اس لیے انہوں نے اوپن کورٹ میں بات کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف احتجاجی یا انتشاری سیاست نہیں کرتی، بلکہ تمام دستیاب آپشنز استعمال کرنے کے بعد پر امن احتجاج کرنا ہمارا حق ہے۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ سوا گھنٹے انتظار کے باوجود چیف جسٹس نے سلام کا جواب نہیں دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز سے طبی معائنہ کی درخواست بھی جمع کرائی گئی، مگر درخواست پر کارروائی نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سے ملاقات کے لیے ہائیکورٹ پہنچے تھے، تاہم انہیں سیکرٹری کے دفتر میں آ کر ملاقات کرنے کا پیغام دیا گیا۔ سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ چونکہ بانی پاکستان تحریک انصاف کے کیسز لگ نہیں رہے، اس لیے وہ اوپن کورٹ میں ہی بات کریں گے۔
بعد ازاں، وزیراعلیٰ نے عدالت کے روسٹرم پر جا کر بات کرنے کی کوشش کی، لیکن چیف جسٹس نے بات سنے بغیر چیمبر میں واپس چلے جانے کو ترجیح دی۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنیں عظمیٰ خان، نورین خان اور علیمہ خان بھی اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچی تھیں۔