بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی ایم ایف وفد کی اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات، معاشی کارکردگی پر بریفنگ دی جائے گی

عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کا وفد اہم دورے پر پاکستان پہنچ گیا اور انہوں نے اسٹیٹ بینک کے حکام سے ملاقات بھی کی۔
ملاقات کے دوران اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئی ایم ایف حکام کو ملک کی معاشی کارکردگی اور متعلقہ ڈیٹا پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں ٹیکنیکل ڈیٹا شیئرنگ ہوگی اور آئی ایم ایف وفد کو جولائی سے جنوری تک کی معاشی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈیٹا شیئرنگ سیشن کے دوران آئی ایم ایف مشن اور اسٹیٹ بینک کے ماہرین کے درمیان زر مبادلہ کے ذخائر میں بہتری سمیت دیگر اہم مالیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس سیشنز میں مانیٹری پالیسی، افراطِ زر، بینکنگ ریگولیشنز اور دیگر اہم معاشی معاملات پر تکنیکی سطح پر مذاکرات بھی متوقع ہیں۔
آئی ایم ایف نے ہدف مقرر کیا ہے کہ 30 جون تک اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ ذخائر 17.8 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں۔ اس کے علاوہ، اسٹیٹ بینک کے ماہرین آئی ایم ایف کو پالیسی ریٹ، اینٹی ٹیررفنانسنگ اور اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔
دورے کا مقصد 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت تیسرے اقتصادی جائزے کے سلسلے میں ملاقاتیں کرنا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفد 1.1 ارب ڈالر کی لچک اور پائیداری کی سہولت (RSF) کے تحت دوسرے جائزے کے لیے بھی موجود ہے۔