بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹریڈ آرگنائزیشن رولز 2013 میں مجوزہ ترمیم پر بزنس کمیونٹی کے تحفظات سامنے

ٹریڈ آرگنائزیشن رولز 2013 میں مجوزہ ترمیم پر بزنس کمیونٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
نجی میڈیا کے مطابق صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو اس ترمیمی بل پر شدید تشویش ہے۔ ان کے بقول یہ اقدام ملک بھر کی تاجر برادری میں خوف و عدم تحفظ پیدا کر رہا ہے، جبکہ اندرونی اور بیرونی تجارتی رکاوٹوں کے باعث کاروباری ماحول پہلے ہی متزلزل ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ چیمبرز آف کامرس کاروباری برادری کی آخری پناہ گاہ ہیں، اور مجوزہ قانون سازی ضلعی سطح کے چیمبرز اور ادارہ جاتی ڈھانچے کو ختم کر کے مقامی معیشتوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ضلعی چیمبرز مقامی معیشتوں کی ترقی اور ملکی اقتصادی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اور تجارتی اداروں کی اس قسم کی پابندیاں دیہی اور برآمدات پر مبنی کاروبار کی نمائندگی کو محدود کر سکتی ہیں۔
صدر FPCCI نے کہا کہ اس ترمیم سے بزنس کمیونٹی میں حوصلہ شکنی اور مایوسی بڑھے گی، اور خواتین و چھوٹے و درمیانے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی نمائندگی کرنے والے تجارتی اداروں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
عاطف اکرام شیخ نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے والے اس مجوزہ بل کو مسترد کیا جائے اور ضلعی چیمبرز کو کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔