الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال کے ڈاکٹروں نے قبل از وقت پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کی بینائی بچانے میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔
سات ماہ کے جڑواں بچوں ابراہیم اور اسماعیل میں آر او پی (ROP) کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد ڈاکٹروں نے فوری علاج شروع کیا اور بچوں کی بینائی کو مستقل نقصان سے محفوظ کر لیا۔
بچوں کی والدہ نے بتایا کہ بروقت اور مؤثر علاج کی بدولت ان کے بچوں کی بینائی محفوظ رہ سکی۔
ڈاکٹر امجد نے کہا کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی آنکھوں کی اسکریننگ لازمی ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال تقریباً دس لاکھ بچے قبل از وقت پیدا ہوتے ہیں، اور پیدائش کے وقت ڈیڑھ کلو گرام سے کم وزن والے بچوں میں بینائی متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
ڈاکٹر امجد نے مزید کہا کہ آکسیجن کی متوازن مقدار دینے سے آر او پی کے امکانات کم ہو جاتے ہیں اور بچوں کی بینائی محفوظ رہتی ہے۔
الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال کے مطابق آر او پی کے خصوصی پروگرام کے تحت اب تک 19 ہزار بچوں کا کامیاب علاج کیا جا چکا ہے، جس سے بچوں کی بینائی محفوظ کرنے میں نمایاں مدد ملی ہے۔
پاکستانی ڈاکٹروں کا کارنامہ: قبل از وقت پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کی بینائی محفوظ








