بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیب کی بڑی کامیابی: پاکستان ریلوے کی 9.67 ارب روپے مالیت کی زمین واگزار

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے پاکستان ریلوے کی 43.11 ایکڑ قبضہ شدہ زمین کو واگزار کرا کر سرکاری اثاثوں کے تحفظ میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ زمین کراچی کے علاقے دیہہ کھانٹو، جمعہ گوٹھ (سروے نمبر 48، 49، 50 اور 51) میں واقع ہے اور اس کی تخمینہ قیمت 9.67 ارب روپے بتائی گئی ہے۔
نیب کے مطابق یہ کامیابی ایک طویل اور پیچیدہ تحقیقات کے بعد ممکن ہوئی، جس کا آغاز 13 جولائی 2019 کو ہوا تھا۔ اگرچہ سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کی وجہ سے تحقیقات عارضی طور پر روک دی گئی تھی، لیکن پاکستان ریلوے کی درخواست پر 2025 میں تحقیقات دوبارہ شروع کی گئیں۔
تحقیقات کا بنیادی مقصد ان افسران کے خلاف کارروائی کرنا تھا جو نجی ٹیکسٹائل ملز کے اس غیر قانونی قبضے میں ملوث تھے۔ حالیہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ سابقہ دعوے کے باوجود زمین پر ابھی تک نجی ٹیکسٹائل ملز کا قبضہ موجود تھا۔
نیب افسران کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ لگن کے نتیجے میں 43.11 ایکڑ زمین باقاعدہ طور پر پاکستان ریلوے کے حوالے کر دی گئی۔
نیب کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی نہ صرف اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین کو واپس لانے میں مددگار ثابت ہوئی بلکہ سرکاری املاک پر غیر قانونی قبضے کے خلاف ادارے کی مضبوط ساکھ کو بھی مزید مستحکم کیا ہے۔ یہ کیس نیب کی افسران کی مہارت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور سرکاری وسائل کے تحفظ میں ادارے کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔