بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بیرسٹر گوہر: گزشتہ سال 17 مرتبہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور 14 مرتبہ سپریم کورٹ جا چکے ہیں

پی ٹی آئی کے چیئرمین کے وکیل بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل دوپہر 12 بجے پارلیمنٹیرینز اسلام آباد ہائی کورٹ جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران وہ 17 مرتبہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور 14 مرتبہ سپریم کورٹ جا چکے ہیں۔ ان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز جلد مقرر کیے جائیں اور ان کی سماعت کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی تک وکلا، اہلِ خانہ اور ڈاکٹرز کی رسائی دینے کی درخواست دائر کی گئی ہے، جبکہ علاج سے متعلق ایک اور درخواست بھی سپریم کورٹ میں جمع کروا دی گئی ہے۔ سینئر وکیل لطیف کھوسہ کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو درخواست بذریعہ ڈاک جمع کروائی گئی، اور رجسٹرار نے پیغام بھیجا ہے کہ درخواست لگا دی جائے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں القادر اور توشہ خانہ ٹو کیسز تاحال زیر التوا ہیں۔ القادر کیس میں 17 جنوری 2025 کو سزا سنائی گئی تھی، جبکہ جوڈیشل پالیسی کے مطابق 35 سے 60 دن میں فیصلہ ہونا چاہیے تھا، لیکن ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود کیسز سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی کے کیسز بھی تاحال مقرر نہیں ہوئے۔ آج وزیر اعلیٰ نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی عدالت میں روسٹرم پر جا کر کیس مقرر کرنے کی درخواست دی، تاہم مثبت ردعمل نہیں ملا۔ رجسٹرار کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ کیس کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقرر کر دیا جائے گا۔