بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاق ہم سے تعاون مانگتا ہے مگر وزرا سازشیں کرتے ہیں: شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اہم معاملات میں پیپلز پارٹی سے تعاون طلب کرتی ہے، لیکن اسی حکومت کے بعض وزرا سندھ حکومت کے خلاف بیانات اور سازشوں میں مصروف رہتے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور کراچی میں اس وقت متعدد بڑے منصوبوں پر عملی پیش رفت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے پاک افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے نبرد آزما ہیں۔ کوہاٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوان قربانیاں دے رہے ہیں۔
سینئر وزیر کے مطابق سندھ حکومت ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے لیے آن لائن پورٹل پر کام کر رہی ہے جبکہ سندھ الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ کابینہ اجلاس میں کاروباری طبقے کو سہولت دینے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے اور تاجروں کو دس روز کے اندر آن لائن خدمات فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کیے گئے ہیں اور وہاں ریلوے لائن بچھانے کا کام بھی جاری ہے تاکہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
صحت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کراچی اب علاج کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ جگر کی پیوندکاری سمیت پیچیدہ علاج کے لیے پہلے لوگ بیرون ملک جاتے تھے، مگر اب ملک بھر سے مریض سندھ کا رخ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کسی شہری کو علاج کے لیے بیرون ملک نہ جانا پڑے۔
امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک پولیس نے بھرپور کارروائیاں کی ہیں۔ 120 پولیس مقابلوں میں 28 ملزمان مارے گئے، 56 زخمی حالت میں گرفتار ہوئے اور 18 مغویوں کو بازیاب کرایا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع اور شاہراہیں محفوظ ہیں اور صورتحال پہلے سے بہتر ہوئی ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ کراچی کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، تاہم شہر کو نشانہ بنا کر سندھ حکومت پر تنقید کرنا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی کا موازنہ کسی عام شہر سے نہیں بلکہ بعض ممالک سے کیا جا سکتا ہے، اور روزانہ ہزاروں افراد صحت اور روزگار کی غرض سے یہاں آتے ہیں۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ شاہراہ بھٹو تکمیل کے قریب ہے اور اپریل کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں اس کا افتتاح متوقع ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ گل پلازا کمیشن کے معاملے پر فاروق ستار کی جانب سے جج سے متعلق بیان درست نہیں تھا اور اس پر وضاحت ضروری ہے۔