اسلام آباد:(نیوزڈیسک) آئی ایم ایف کا وفد قرض پروگرام کی چوتھی قسط کے جائزہ مذاکرات کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا وفد پاکستان کے دورے پر اسٹیٹ بینک پہنچ گیا۔ جہاں اس نے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام سے ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی معاشی کارکردگی، مالیاتی اشاریوں اور متعلقہ ڈیٹا سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
حکام نے وفد کو زرمبادلہ ذخائر، مہنگائی کی صورتحال، مالیاتی پالیسی اور اصلاحاتی اقدامات پر آگاہ کیا۔یہ دورہ 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت تیسرے اقتصادی جائزے کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفد 1.1 ارب ڈالر کی پائیداری اور ماحولیاتی معاونت سے متعلق سہولت کے جائزے کے لیے بھی پاکستان میں موجود ہے۔
آئی ایم ایف مشن آئندہ دنوں میں وزارت خزانہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ جس کے بعد جائزہ رپورٹ مرتب کی جائے گی۔ کامیاب جائزے کی صورت میں آئندہ قسط کے اجرا کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔









