اسلام آباد ( ملک نجیب ) سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا واٹس ایپ اکاؤنٹ مبینہ طور پر ہیک کر لیا گیا جس کے بعد نامعلوم ہیکرز نے ان کے رابطہ نمبروں پر پیغامات بھیج کر رقم کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ہیکرز کی جانب سے سابق چیف جسٹس کے موبائل نمبر سے ان کے رابطوں کو پیغامات ارسال کیے گئے جن میں فوری مالی مدد کی درخواست کی گئی۔ بعض افراد نے مشکوک پیغامات موصول ہونے کے بعد براہِ راست تصدیق کی کوشش کی تو معاملہ سامنے آیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سابق چیف جسٹس نے فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کیا اور معاملہ سائبر کرائم کے ادارے کے نوٹس میں لایا۔ اس سلسلے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی) سے رجوع کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمر عطا بندیال نے این سی سی آئی کو باقاعدہ شکایت بھی درج کرا دی ہے جس کے بعد ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ذمہ دار عناصر کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ این سی سی آئی اے حکام نے شہریوں کو متنبہہ کیا ہے کہ کسی بھی معروف شخصیت یا جاننے والے کے نمبر سے موصول ہونے والے غیر معمولی مالی مطالبات کی تصدیق ضرور کریں اور بغیر تصدیق کے رقم کی منتقلی سے گریز کریں۔ مزید برآں دو مرحلہ جاتی تصدیق (ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن) فعال رکھنے اور مشکوک لنکس پر کلک نہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔









