بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

60 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر کار شوروم پر فائرنگ، خوش قسمتی سے جانی نقصان نہ ہوا

کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر 11-D میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار شوروم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیوں کی آواز سے علاقہ گونج اٹھا اور شہریوں میں شدید خوف پایا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر بھتہ خوری کے معاملے کا نتیجہ ہے۔ شوروم کے مالک سے 60 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا جا رہا تھا اور اس سلسلے میں اسے پہلے بھتے کی پرچی بھی دی گئی تھی۔ تاہم مالک نے دباؤ قبول کرنے کے بجائے قانونی کارروائی کرتے ہوئے نیو کراچی تھانے میں مقدمہ درج کرا رکھا تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ میں ملوث افراد کا تعلق مبینہ طور پر صمد کاٹھیواڑی گروپ سے ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے، چند منٹوں تک فائرنگ کی اور پھر موقع سے فرار ہو گئے۔
خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم شوروم کی عمارت اور اطراف کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قریبی علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
شہریوں اور تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھتہ خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ کاروباری برادری کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور شہر کا امن بحال رہے۔