بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں جاری، مختلف اضلاع سے مزید 12 افراد گرفتار

ملک کے مختلف شہروں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری ہیں۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق اس عمل کے دوران شہریوں کے رہائشی ریکارڈ، کرایہ داری تفصیلات اور شناختی دستاویزات کی مرحلہ وار جانچ کی جا رہی ہے تاکہ قانونی اور غیر قانونی قیام میں فرق واضح کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، مری، اٹک اور جہلم میں حساس مقامات، رہائشی آبادیوں اور تجارتی مراکز کی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔ کارروائیوں کا مقصد سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے دوران مزید 12 افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے جو مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ ان کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ بعض مقامات سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہونے کی اطلاع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان آپریشنز میں پولیس، لیڈی پولیس، رینجرز اور ایلیٹ فورس نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ ڈولفن اسکواڈ، سی ٹی ڈی اور متعلقہ انٹیلیجنس ادارے بھی کارروائیوں میں شریک رہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات قانون کی یکساں عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کرایہ داروں کا مکمل کوائف درج کرائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔