بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ساف انڈر 20 فٹبال: پاکستان جونیئر ٹیم کے شارٹ لسٹ کھلاڑی احمد رضا خان حادثے کا شکار

ساف انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ کے لیے پاکستان جونیئر ٹیم میں شارٹ لسٹ ہونے والے نوجوان فٹبالر احمد رضا خان گزشتہ روز ایک سنگین ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئے۔ میانوالی کے احمد رضا کو اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں منعقدہ ٹرائلز کے بعد قومی جونیئر تربیتی کیمپ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔
حادثے کے دوران احمد رضا موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ دوسری موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد وہ سڑک پر گر گئے اور اسی دوران ایک ڈمپر نے ان پر گزرنے کی وجہ سے انہیں متعدد فریکچرز آئے۔ مقامی اسپتال کے مطابق فٹبالر کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔ پاکستان انڈر 20 فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ شہزاد انور اور کوچنگ اسٹاف نے اسپتال جا کر احمد رضا کی خیریت دریافت کی۔
ساف انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ 2026 مالدیپ میں 23 مارچ سے 3 اپریل تک کھیلی جائے گی، جس میں 7 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ گروپ اے میں میزبان مالدیپ، نیپال، سری لنکا اور بھوٹان شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن بھارت، پاکستان اور بنگلادیش حصہ لیں گے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 24 مارچ کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گا، جبکہ 26 مارچ کو اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ سیمی فائنل یکم اپریل اور فائنل 3 اپریل کو طے ہیں۔
چیمپئن شپ کے لیے دو روزہ ٹرائلز کے بعد قومی جونیئر تربیتی کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے اور کیمپ کے دوران حتمی قومی جونیئر ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔