پاکستان میں سیمنٹ سیکٹر میں اہم پیش رفت کے تحت فوجی سیمنٹ اور کوٹ ادو پاور کو مشترکہ طور پر اٹک سیمنٹ کے حصول کی اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ منظوری سی سی پی نے دی، جس نے دونوں کمپنیوں کی مرجر درخواست کو مکمل مسابقتی جائزے کے بعد کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت منظوری دی۔
حصول کا عمل اسکیم آف کمپرو مائز اینڈ ارینجمنٹ 2026 کے تحت کیا جا رہا ہے، اور معاہدے کی تکمیل کے بعد فوجی سیمنٹ اور کوٹ ادو پاور اٹک سیمنٹ کے کنٹرولنگ شیئر ہولڈر بن جائیں گے۔ سی سی پی کے مطابق اس مرجر کے بعد بھی مشترکہ مارکیٹ شیئر غالب پوزیشن کی حد سے کم رہے گا اور سیمنٹ سیکٹر میں دیگر مضبوط کمپنیوں کی موجودگی مسابقت کو برقرار رکھے گی۔
سی سی پی نے واضح کیا کہ مجوزہ مرجر سے مارکیٹ میں مسابقت متاثر نہیں ہوگی اور یہ اقدام قانون کے مطابق کلیئر ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ مرجر پاکستان کے سیمنٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے تسلسل اور ترقی کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ سی سی پی کا عزم منصفانہ مقابلے کو برقرار رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
فوجی سیمنٹ اور کوٹ ادو پاور کو اٹک سیمنٹ کے حصول کی منظوری








