بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد میں غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کے لیے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی اداروں کو فوری رجسٹریشن حاصل کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت دی گئی ہے، جبکہ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے تجدید میں تاخیر والے اداروں کو ون ٹائم ایمنسٹی دیتے ہوئے رینول فیس کی ادائیگی کی آخری تاریخ 30 اپریل تک بڑھا دی ہے۔
چیئرمین ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں غیر رجسٹرڈ اور تجدید کے منتظر نجی تعلیمی اداروں کے مسائل، اسلام آباد بھر کے نجی اسکولوں میں طلبہ کے اندراج کے اعداد و شمار کی تیاری اور تجزیے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد ڈیٹا جمع کرنے کے نظام کو بہتر بنانا اور نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ کے اندراج کے ریکارڈ کی درستگی اور تصدیق کو یقینی بنانا تھا۔
چیئرمین ڈاکٹر غلام علی ملاح نے اجلاس کے دوران کہا کہ شفافیت، باخبر فیصلوں اور مؤثر ضابطہ کاری کے لیے مستند اور تصدیق شدہ ڈیٹا کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ نجی تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے تجویز دی کہ تجدید میں تاخیر کی وجہ سے عائد جرمانوں کے سلسلے میں ایک مرتبہ کی عام معافی دی جائے اور انہیں رجسٹریشن یا تجدید رجسٹریشن کی درخواستیں جمع کرانے کے لیے دو ماہ کی اضافی مہلت دی جائے۔ اس فیصلے کے بعد امید ہے کہ اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن اور طلبہ کے ریکارڈ کی شفافیت میں اضافہ ہوگا۔