پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان تیسرے ششماہی اقتصادی جائزے کے مذاکرات دوسرے روز بھی جاری ہیں۔ آئی ایم ایف کا وفد کراچی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام سے تکنیکی سطح پر بات چیت کر رہا ہے، جس میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے لیے شیئر کیے گئے ڈیٹا پر تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفد جمعہ تک اہم اجلاسوں میں حصہ لے گا، اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے وفد کو بریفنگ بھی دی گئی ہے۔ آئی ایم ایف وفد کی آج اور کل دو اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں دوپہر کو اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کے عہدیداران سے اور جمعہ کو پاکستان بزنس کونسل کے نمائندوں سے ملاقات شامل ہے۔ وفد کی اسلام آباد واپسی ہفتے کو متوقع ہے۔
آئی ایم ایف وفد پاکستان میں توسیع فنڈ سہولت پروگرام کے تحت تیسرے اقتصادی جائزے کے لیے موجود ہے، اور پیر سے اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے حکام کے ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔ مارچ کے پہلے ہفتے میں وفد خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ بھی تکنیکی مذاکرات کرے گا۔
ذرائع اسٹیٹ بینک کے مطابق، پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر عملدرآمد جاری رکھا ہوا ہے اور عارضی رول اوور کے حوالے سے حکومت دوبارہ مذاکرات کر رہی ہے۔ مذاکرات کے دوران زرمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، ایکسچینج ریٹ، اینٹی ٹیرر فنانسنگ، اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات اور بینکنگ ریگولیشنز جیسے اہم موضوعات پر تکنیکی سطح پر بات چیت ہوئی۔
گورنر اسٹیٹ بینک اور سینیئر مینجمنٹ نے وفد کو مکمل بریفنگ دی، اور آئی ایم ایف وفد آج اور کل مزید دو دنوں تک کراچی میں مرکزی بینک کے حکام کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تیسرے ششماہی اقتصادی جائزے کے مذاکرات جاری








