بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان، نیپرا نے سماعت مکمل کرلی

کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے، اور اس حوالے سے نیپرا میں سماعت مکمل کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جنوری کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی میں فی یونٹ ایک روپے 78 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی تھی۔ نیپرا نے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔
سماعت کے دوران بتایا گیا کہ جنوری میں 8 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت ہوئی، اور فی یونٹ فیول لاگت کا تخمینہ 10 روپے 39 پیسے تھا، تاہم اصل لاگت 12 روپے 17 پیسے رہی۔ سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ ہائی ڈیمانڈ اور پن بجلی کی کم پیداوار کی وجہ سے قیمت میں اضافہ ہوا۔
نیپرا کی ممبر پنجاب آمنہ احمد نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، اور توقع کے برعکس صورتحال الٹی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جنوری میں فرنس آئل والے پلانٹس کیوں چلائے گئے، جس پر حکام نے جواب دیا کہ پیک ڈیمانڈ پورا کرنے کے لیے یہ پلانٹس فعال کیے گئے۔
نیپرا کے ممبر مقصود انور نے کہا کہ اضافے کی بنیادی وجہ فرنس آئل کا استعمال ہے، جبکہ آمنہ احمد نے دوبارہ کہا کہ ابھی تک جو منصوبہ بندی تھی، صورتحال اس کے برعکس جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق یہ اضافے کی قیمت حکومتی پالیسی گائیڈلائنز کے تحت تمام کے الیکٹرک صارفین پر لاگو ہوگی۔