بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت میں ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی ویزا مسائل کی وجہ سے خطرے میں

رواں برس نومبر میں بھارت میں شیڈول ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ ویزا مسائل کے سبب غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے۔
انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (IBSF) نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہ کیے گئے تو ایونٹ کی میزبانی بھارت سے واپس لی جا سکتی ہے۔
پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے سربراہ عبدالقادر نے ایک انٹرویو میں واضح کیا کہ ویزے نہ ملنے کی صورت میں ٹورنامنٹ کسی اور ملک منتقل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2024 میں بھی اسی نوعیت کے ویزا مسائل کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑی ایک بڑے ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئے تھے۔
یہ چیمپئن شپ اسنوکر کے اہم ترین مقابلوں میں شامل ہے، جس میں ایشیا سمیت مختلف خطوں کے نامور کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ حال ہی میں پاکستان کے محمد آصف اور عرفان نے ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا تھا۔
عبدالقادر نے کہا کہ ویزوں کے اجرا کے بعد حکومتِ پاکستان کی ہدایات کے مطابق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو اس سے نہ صرف بھارت کی ساکھ متاثر ہوگی بلکہ کھیل اور سیاست کے تعلق پر بھی سوالات اٹھیں گے۔