تھانہ جاتلی کے علاقے گورسیاں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں زمین کی ملکیت کے جھگڑے کے دوران اکلوتے بیٹے نے اپنے بوڑھے والدین پر شدید تشدد کیا۔ والدین کے ساتھ ہونے والی اس بدسلوکی کا ویڈیو بیان وائرل ہوگیا، جس کے بعد سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او جاتلی جمال نواز کو ہدایت دی کہ مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا جائے۔
جاتلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیٹے محمد اخلاق کو گرفتار کرلیا۔
متاثرہ والدہ خالدہ نور نے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر نور حسن بیٹے کے مظالم سے شدید متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے نے نہ صرف ان پر جسمانی تشدد کیا بلکہ تمام پیسے اور فوت بیٹی کے زیورات بھی چھین لیے۔ بہو نے پستول سر پر رکھ کر دھمکیاں دی ہیں۔ والدین کو دو دن تک گھر کے ایک کمرے میں بند رکھا گیا، اور تیسرے دن انہیں گھر سے نکال دیا گیا۔
خالدہ نور نے مزید بتایا کہ بیٹے کا مطالبہ تھا کہ زمین اپنی بیوی کے نام کی جائے، حالانکہ زمین پہلے ہی مسجد کے لیے مختص تھی۔ بیٹے نے دھمکیاں دیں کہ اگر زمین اپنی مرضی کے مطابق نہ کی گئی تو انہیں مزید تشدد سہنا پڑے گا۔
دوسری جانب، ایس پی صدر انعم شیر نے کہا کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی اور اسے قرار واقعی سزا دلوانے کے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے والدین پر تشدد اور ناروا سلوک کو افسوسناک قرار دیا۔
زمین کی خاطر اکلوتے بیٹے کا والدین پر بہیمانہ تشدد، خون سفید ہوگیا








