بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث ممکنہ خطرات، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

ملک میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے باعث این ڈی ایم اے نے مارچ سے ستمبر 2026 کے دوران ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے ساتھ ساتھ گلیشیئر کے پگھلنے کے عمل میں تیزی آ سکتی ہے، جس سے شمالی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کی نگرانی جاری ہے۔ مارچ سے جون کے دوران تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز کے باعث گلیشیائی جھیلوں سے ممکنہ سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس سے مقامی آبادی اور زرعی زمین کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
گلگت بلتستان کے احمد آباد، فیض آباد، مجاور، وادی اشکومن، گلکن، گلمت بوبر اور وہند سمیت متعدد علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے ریشون، کمراٹ، یارخن ویلی، لشٹ، استاچ، ڈزق اور بریپ میں بھی گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے، جی بی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی انخلا کے لائحہ عمل اور پیشگی انتباہی نظام فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین معلومات پر نظر رکھیں اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دریا کے کناروں اور گلیشیائی ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ خطرے کی صورت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور مستند معلومات اور بروقت الرٹس کے لیے ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ ایپ استعمال کریں۔