بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلوچستان میں دہشت گردی کے بعد بھارتی بیان پاکستانی موقف کی تصدیق، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد بھارت کے بیان سے پاکستان کے موقف کی تصدیق ہوئی ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں طاہر اندرابی نے بتایا کہ وزیر اعظم نے 23 تا 24 فروری کو امیر قطر کی دعوت پر قطر کا دورہ کیا، جس دوران امیر قطر نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ سطح تک بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ اس موقع پر قطر کے وزیر دفاع اور وزیر مملکت نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سعودی عرب کے دورے پر ہیں، جہاں وہ جدہ میں او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ ہنگامی اجلاس 26 فروری کو منعقد ہو رہا ہے، جس میں اسرائیلی قابض حکام کے غیر قانونی فیصلوں پر غور کیا جائے گا۔ اس دوران اسحاق ڈار مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے نام نہاد ریاستی اراضی کے اقدامات پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے اور او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں ماہ سمجھوتہ ایکسپریس حملے کی 19ویں برسی ہے، جس میں 70 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ اس حملے میں ملوث سوامی آسیم آنند اور بھارتی کرنل پروہت نے اپنے جرم کا اعتراف کیا، تاہم چاروں مجرم آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔ بھارتی حکومت سمجھوتہ ایکسپریس کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں ناکام رہی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے حالیہ بیان کو پاکستان سختی سے مسترد کرتا ہے، اور بلوچستان میں دہشت گرد حملے کے بعد بھارت کے بیان نے دراصل پاکستان کے موقف کی تصدیق کی ہے۔