بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت میں سونے کی اسمگلنگ کیس: اداکارہ رانیا راؤ چارج شیٹ میں شامل

بھارت کی کینیڈین فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ رانیا راؤ کو بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سونے کی اسمگلنگ کے کیس کی چارج شیٹ میں شامل کر لیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق، یہ اسمگلنگ نیٹ ورک گزشتہ ایک سال میں بھارت میں 127 کلو گرام سے زائد سونا ہینڈلرز اور جیولرز کے ذریعے مارکیٹ میں فروخت کرتا رہا۔
چارج شیٹ میں رانیا راؤ کے ساتھ اس کے مبینہ ساتھی ترن اور بیلاری کے سونے کے کاروباری شخص ساحل کا نام بھی شامل ہے۔ یہ چارج شیٹ بنگلورو کی اسپیشل پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (PMLA) عدالت میں دائر کی گئی۔
33 سالہ رانیا راؤ، جو ایک سینئر پولیس افسر کی سوتیلی بیٹی ہیں، گزشتہ سال بنگلورو ایئرپورٹ پر 14.2 کلو گرام سونا اسمگل کرتے ہوئے گرفتار ہوئیں۔ اس میں سے کچھ سونا انہوں نے پہن رکھا تھا اور باقی کپڑوں میں چھپایا ہوا تھا۔ حکام نے انہیں اس لیے پکڑا کیونکہ یہ ان کا پندرہ دن میں چوتھا دبئی کا سفر تھا، جس پر ان کی حرکات مشکوک لگیں۔
بعد ازاں، پولیس نے رانیا راؤ کے گھر تلاشی لی اور وہاں سے 2.06 کروڑ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور 2.67 کروڑ روپے نقد رقم برآمد ہوئی۔
اداکارہ مبینہ طور پر اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھیں اور دبئی سے بنگلورو سونا لانے کے لیے ہر کلو گرام پر 4 سے 5 لاکھ روپے کمیشن وصول کرتی تھیں۔
رانیا راؤ اس وقت بنگلور سینٹرل جیل میں قید ہیں اور ان کے خلاف کیس میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔