ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بیٹرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں جاری ٹورنامنٹ میں اب تک چار سنچریز اسکور کی جا چکی ہیں، جو کسی بھی ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ ہیں۔
رواں ایونٹ میں سب سے پہلے سری لنکا کے پتھم نسانکا نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار سنچری بنا کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ اس کے بعد کینیڈا کے یووراج سامرہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف یادگار اننگز کھیل کر سب کو حیران کر دیا۔
بعد ازاں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے نمیبیا کے خلاف سنچری اسکور کر کے ایک ایڈیشن میں تین سنچریز کا سابقہ ریکارڈ برابر کیا۔ تاہم سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے پاکستان کے خلاف سنچری بنا کر یہ تعداد چار تک پہنچا دی اور نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کسی بھی ایڈیشن میں دو سے زائد سنچریز نہیں بنی تھیں۔ 2007 کے پہلے ایڈیشن میں صرف ایک سنچری اسکور ہوئی تھی، جبکہ 2009 میں کوئی بیٹر تین ہندسوں تک نہ پہنچ سکا۔ 2010 میں دو اور 2012 میں ایک سنچری بنی۔ 2014 اور 2016 میں دو، دو سنچریز دیکھنے کو ملیں، 2021 میں ایک اور 2022 میں دو سنچریز اسکور ہوئیں، جبکہ 2024 کا ایڈیشن سنچری سے محروم رہا۔
رواں ٹورنامنٹ میں بیٹرز کی یہ کارکردگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ جدید ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں جارحانہ حکمت عملی اور بہتر پچز بڑے اسکورز کو ممکن بنا رہی ہیں۔ شائقین کو امید ہے کہ ٹورنامنٹ کے آنے والے میچز میں مزید ریکارڈز قائم ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ سنچریز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم








