بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی ائیرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام

ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سیرا لیون جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ دونوں افراد پہلے بھی امیگریشن حکام کی جانب سے روکے جا چکے تھے تاہم انہوں نے ایک بار پھر بیرون ملک سفر کی کوشش کی۔
حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں مسافروں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایجنٹ کو تین لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ انہیں ایک چینی شہری کے ذریعے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیا گیا تھا۔ امیگریشن عملے کو ان کے سفری دستاویزات مشکوک محسوس ہوئے، جبکہ واپسی کا ٹکٹ بھی غیر واضح تھا اور ان کے پاس صرف 150 ڈالر موجود تھے، جس پر مزید پوچھ گچھ کی گئی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ متعدد ایئرپورٹس سے بھی ان مسافروں کو کلیئرنس دینے سے انکار کیا جا چکا تھا۔ موبائل فون سے مشکوک چیٹ گفتگو بھی برآمد کی گئی ہے۔
دونوں مسافروں کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ایجنٹ امجد علی آرائیں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔