بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت: زہریلےگول گپوں سے محبوبہ کے قتل کی کوشش، ملزم گرفتار

جھارکھنڈ(نیوزڈیسک)بھارت میں ایک شخص نے گول گپوں میں زہر ملا کر اپنی محبوبہ کو قتل کرنے کی کوشش کی، خوش قسمتی سے خاتون زندہ بچ گئی، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع گڑھوا میں 25 سالہ ملزم ساکیت کشاری نے اپنی 23 سالہ محبوبہ کو گول گپے میں زہر دے کر اور گلا گھونٹ کر مارنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی محبوبہ کی فرمائش پر گول گپے لا کر دیے، تاہم اس نے مبینہ طور پر ان میں زہر ملا رکھا تھا۔ گول گپے کھانے کے کچھ دیر بعد خاتون کو الٹیاں شروع ہو گئیں اور منہ سے خون آنے لگا۔

بعد ازاں ملزم نے اسے ڈاکٹر کے پاس لے جانے کا بہانہ کیا لیکن موٹر سائیکل پر قریبی جنگل لے گیا، جہاں اس نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گلا گھونٹنے کی کوشش کی۔

حملے کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہو کر بے ہوش ہو گئی۔ ہوش میں آنے کے بعد وہ جنگل میں چھپ کر رات گزارنے پر مجبور ہوئی، اگلی صبح خاتون کسی طرح گھر پہنچی اور اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ کیا۔

دونوں کے درمیان گزشتہ 6 سال سے تعلق تھا، متاثرہ خاتون کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔