اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملکی مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 10 کروڑ 62 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مجموعی ذخائر 21 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔
اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 1.60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا اور یہ 16.21 ارب ڈالر ہو گئے، اس کے علاوہ، کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی 9 کروڑ ڈالرکا اضافہ ہوا اور یہ 5 ارب 19 کروڑ 48 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔
ماہرین کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر میں یہ اضافہ معیشت کے استحکام کے لیے مثبت اشارہ ہے اور درآمدات اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس اضافے سے روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ حکام نے کہا ہے کہ مستقبل میں زرمبادلہ ذخائر کی بہتری کے لیے پالیسی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔









