بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اٹلی کے بعد دیگر یورپی ممالک میں بھی پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع

اٹلی کے بعد مزید یورپی ممالک نے پاکستانی شہریوں کے لیے روزگار کے دروازے کھول دیے ہیں اور قانونی طریقے سے ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
غیر قانونی امیگریشن کے مسئلے پر چھ یورپی ممالک کے وزرائے داخلہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں یورپی ممالک نے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے اور قانونی فریم ورک کے تحت افرادی قوت کے تبادلے پر آمادگی ظاہر کی۔
اجلاس میں پولینڈ، ایسٹونیا، لیٹویا، فن لینڈ اور لتھوانیا کے وزرائے داخلہ شریک تھے۔ اعلامیے کے مطابق ان ممالک نے پاکستانی شہریوں کے لیے سرکاری سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے قریبی رابطے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
شرکا نے پاکستان کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کے خلاف حالیہ کارروائیوں اور غیر قانونی نقل مکانی کی روک تھام کے اقدامات کو سراہا اور اسے مثبت پیش رفت قرار دیا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ چھوں ممالک اپنی وزارتِ داخلہ میں فوکل پرسن مقرر کریں گے تاکہ معلومات کے تبادلے اور رابطہ کاری کو مؤثر بنایا جا سکے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط نظام وضع کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط رکاوٹ کے طور پر کھڑا ہے، خصوصاً افغانستان کے تناظر میں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے نتیجے میں یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔
محسن نقوی نے زور دیا کہ باہمی تعاون اور مربوط اقدامات کے ذریعے پاکستان اور یورپی ممالک اس اہم مسئلے پر قابو پا سکتے ہیں۔