پاکستان میں 14ویں یو اے ای ایمبیسیڈر کپ رمضان فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں جیریز نے قطر ایمبیسی کو 5-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ رنگارنگ ایونٹ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں دس ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ایونٹ کے دوران تمام ٹیکنیکل معاونت فراہم کی۔
فائنل میں جیریز کی جانب سے خیام خٹک نے تین اور ثاقب انور نے ایک گول اسکور کیا، جس کے نتیجے میں قطر ایمبیسی کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست ہوئی۔ تیسری پوزیشن افغانستان کی ٹیم نے وزارت خارجہ کی ٹیم کو 4-1 سے شکست دے کر اپنے نام کی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ تھے، جنہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزعابی اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول کے علاوہ مراکش، لبنان، افغانستان، لیبیا اور رومانیہ کے سفیروں، سینئر پاکستانی حکام اور سفارتی عملے کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
یہ سالانہ ٹورنامنٹ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تعاون سے منعقد کیا جاتا ہے، جس کا مقصد ماہِ رمضان میں کھیلوں کو فروغ دینا، ثقافتی روابط مضبوط کرنا اور کمیونٹی میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
یو اے ای ایمبیسیڈر کپ رمضان فٹبال ٹورنامنٹ: جیریز نے فائنل جیت لیا








