وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی پر سختی سے عمل درآمد ہونا چاہیے اور فوری طور پر علاقے کی تعمیرِ نو کی جائے۔
انہوں نے جدہ میں او آئی سی ایگزیکٹیو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب میں فلسطینی کاز میں پاکستان کے فعال کردار کو اجاگر کیا اور مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیلی اقدامات کے ذریعے ریاستی زمین بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کی۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ وقت آ گیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو اقوامِ متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے اور او آئی سی اسرائیلی اقدامات کو واپس لینے میں موثر کردار ادا کرے، جو عملاً الحاق کے مترادف ہیں۔
انہوں نے 1967ء کی سرحدوں کے حوالے سے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
وزیرِ خارجہ نے اس کے ساتھ ساتھ کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بھی او آئی سی کو اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔
اسحاق ڈار کا مطالبہ: غزہ میں جنگ بندی پر سختی سے عمل اور فوری تعمیرِ نو








