ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک سے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، اس لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک فوری طور پر فوجی کارروائیاں روکیں اور حالات کو مزید بگڑنے سے بچائیں۔
انہوں نے دونوں جانب ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے اور اسے روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
ملائیشین وزیرِاعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کے جائز سیکیورٹی خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے، تاہم افغانستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام بھی یکساں طور پر ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسائل کا پائیدار حل صرف مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے ذریعے ہی ممکن ہے، اس لیے دونوں فریق بات چیت کی میز پر آئیں اور خطے کے امن کو ترجیح دیں۔
پاکستان۔افغانستان کشیدگی پر ملائیشیا کے وزیرِاعظم کا ردِعمل








