چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت اور اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں سے متعلق قانونی معاملات زیرِ بحث آئے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق دائر درخواست اور اڈیالہ جیل میں ملاقات کے کیس پر عائد اعتراضات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ درخواست میں اٹھائے گئے نکات اور عدالتی طریقہ کار کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی چیف جسٹس سے ملاقات ہوئی اور مختلف کیسز پر بات چیت کی گئی۔
سیاسی اور قانونی حلقوں میں اس ملاقات کو اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت اور جیل میں سہولیات کا معاملہ زیرِ بحث ہے۔
چیف جسٹس سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر گفتگو








