بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی کی نشست این اے 251: جے یو آئی ایک نشست سے محروم، خوشحال خان کاکڑ کامیاب قرار

سپریم کورٹ نے این اے 251 ژوب سے متعلق انتخابی عذرداری کیس کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے اہم حکم سنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں قومی اسمبلی کی ایک نشست پر تبدیلی آ گئی۔
جسٹس شاہد وحید کی جانب سے جاری مختصر فیصلے میں الیکشن ٹربیونل بلوچستان کا 24 نومبر 2025 کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا۔ عدالتِ عظمیٰ نے پشتونخواہ ملی پارٹی کے امیدوار خوشحال خان کاکڑ کو این اے 251 ژوب سے کامیاب امیدوار قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ عام انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سید سمیع اللہ کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔ تاہم خوشحال خان کاکڑ نے اس کامیابی کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود فارم 45 کے مطابق وہ کامیاب امیدوار تھے۔ ٹربیونل نے بعد ازاں 10 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا، جسے دونوں امیدواروں نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد نہ صرف انتخابی تنازع کا خاتمہ ہو گیا ہے بلکہ قومی اسمبلی میں نشست کی صورتحال بھی تبدیل ہو گئی ہے، جسے سیاسی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔