بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیب کراچی کی بڑی کارروائی، 423 ارب روپے سے زائد مالیت کی 350 ایکڑ سرکاری زمین واگزار

قومی احتساب بیورو کراچی نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے پوش علاقوں کلفٹن بلاک 1 اور 2 میں واقع تقریباً 350 ایکڑ قیمتی سرکاری زمین سرکاری تحویل میں واپس لے لی ہے۔ حکام کے مطابق اس زمین کی مجموعی مالیت تقریباً 423 ارب 50 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ یہ زمین نجی اداروں کو ضوابط کے برعکس انتہائی کم قیمت پر الاٹ کی گئی تھی۔ تحقیقات کے دوران محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے بعض اعلیٰ افسران کے کردار کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی۔
نیب حکام کے مطابق متعلقہ زمین سمندر سے حاصل کی گئی تھی اور اسے قواعد و ضوابط کے برخلاف الاٹ کیا گیا، جس سے قومی خزانے کو بڑے نقصان کا خدشہ تھا۔ کارروائی کے بعد زمین حکومتِ سندھ کے حوالے کر دی گئی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ یہ حالیہ برسوں میں سرکاری اراضی کی واگزاری کی سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک ہے۔ نیب نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ عوامی وسائل کے تحفظ کے لیے بلاامتیاز احتساب کا عمل جاری رکھا جائے گا، تاکہ قومی مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔