بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک افغان کشیدگی پر مولانا فضل الرحمان کا اظہارِ تشویش

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کے خدشات اور شکایات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، تاہم اس کے ساتھ افغانستان کی خودمختاری اور اس کے داخلی مسائل کا احترام بھی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جانب جذباتی طرزِ عمل سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدگیاں پیدا ہو رہی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے زور دیا کہ دوطرفہ مفادات، باہمی اعتماد پر مبنی سیکیورٹی فریم ورک اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں کو بروئے کار لایا جائے۔ ان کے مطابق پائیدار حل صرف سنجیدہ اور ذمہ دارانہ سفارتی کوششوں سے ہی ممکن ہے، جبکہ یکطرفہ عسکری اقدامات مسئلے کو سلجھانے کے بجائے اسے مزید الجھا سکتے ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک سے تحمل، بردباری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کی اپیل کی۔ ساتھ ہی خطے میں امن کے خواہاں اور دونوں ممالک کے خیرخواہ ممالک سے بھی توقع ظاہر کی کہ وہ مثبت اور پرامن سفارتی کردار ادا کریں گے تاکہ کشیدگی کم ہو اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکے۔