بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چین: 60 میٹر بلند چٹان پر قائم دنیا کا خطرناک ترین کیفے متعارف

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے جنوب مشرقی صوبے فوجیان میں واقع گوشی کلف کافی دنیا کا سب سے خطرناک کیفے، جو اپنے کسٹمرز کو گرجتی لہروں سے تقریباً 60 میٹر بلند ایک بلند وبالا چٹان کی بلندی پر بیٹھ کر کافی پینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
دلکش قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے کافی کا ایک کپ پینا عموماً ایک پُرسکون تجربہ سمجھا جاتا ہے، مگر فوجیان میں قائم یہ کلف کافی اپنے مہمانوں کے لیے سنسنی خیز ماحول فراہم کرتی ہے، سطح سمندر سے تقریباً 60 میٹر بلندی پر قائم یہ کیفے فخر سے خود کو دنیا کا سب سے انتہائی کیفے قرار دیتا ہے۔

گوشی کلف کافی بنیادی طور پر چٹان کے ساتھ نٹ بولٹ سے جڑی مستطیل نما پلیٹ فارمز پر مشتمل ہے جو گاہکوں کے بیٹھنے کی جگہ کے طور پر استعمال ہوتے ہیں، ان پلیٹ فارمز تک پہنچنا بھی کسی ایڈونچر سے کم نہیں، سیاحوں کو پہلے تقریباً 30 منٹ تک وایا فیراٹا ٹریل عبور کرنا پڑتا ہے جس کے بعد ایک تربیت یافتہ انسٹرکٹر کی نگرانی میں رسی کے ذریعے نیچے پلیٹ فارمز تک اتارا جاتا ہے۔

2004 سے قائم یہ منفرد کیفے حالیہ دنوں اس وقت وائرل ہو گیا جب اس مقام پر بنائی گئی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں، جس کے بعد یہاں سیاحوں کی دلچسپی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

کیفے کے بانی کے مطابق پیشگی ریزرویشن لازمی ہے اور کسی بھی فرد کو عملے کی نگرانی کے بغیر پلیٹ فارمز تک رسی کے ذریعے نیچے جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

یہاں ایک کپ کافی کی قیمت 398 یوان (تقریباً 58 امریکی ڈالر) رکھی گئی ہے، جو عام پریمیم کافی سے کہیں زیادہ ہے، تاہم کیفے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس قیمت میں لازمی انشورنس، پیشہ ورانہ حفاظتی آلات کا کرایہ اور انسٹرکٹرز کی خدمات شامل ہیں۔

مزید برآں، وہاں قیام کے دورانیے پر کوئی وقت کی پابندی نہیں اور پلیٹ فارمز تک پہنچنے کے بعد سیاح جتنا چاہیں اس سنسنی خیز تجربے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔