اسلام آباد (طارق محمود سمیر) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے بڑے بھائی کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے مرحومہ کے انتقال پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کی اور مرحومہ کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور جنتِ الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔ انہوں نے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت و حوصلے کی بھی دعا کی۔
اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کی آمد اور ہمدردی کے جذبات ان کے خاندان کے لیے تسلی و اطمینان کا سبب ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کی نیک تمناؤں کا شکریہ ادا کیا اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی پارلیمانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایوانِ بالا میں ان کا کردار قابلِ قدر ہے اور وہ بلوچستان کی مؤثر آواز کے طور پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے تعزیت








