بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

متحدہ عرب امارات میں ایرانی میزائل کے ٹکڑے لگنے سے پاکستانی شہری جاں بحق

متحدہ عرب امارات میں ایرانی میزائل کے ٹکڑوں لگنے سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق، امارات کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے، لیکن تباہ ہونے والے میزائلوں کے ٹکڑے ابوظہبی میں گرنے سے شہری زخمی ہو گیا۔
ابتدائی طور پر زخمی شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ گلف نیوز اور مقامی میڈیا کے مطابق جاں بحق شخص پاکستانی شہری تھا۔ میت کو ضابطے کے مطابق کارروائی کے بعد اس کے آبائی وطن بھیج دیا جائے گا۔ تاحال ان کی عمر یا نام کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
یہ واقعہ ایران اور اسرائیل/امریکہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے درمیان پیش آیا ہے۔ یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران میں حساس فوجی مقامات پر حملے کیے، جن میں 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 51 پرائمری اسکول کی طالبات بھی شامل ہیں۔
ان حملوں کے جواب میں ایران نے عرب ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کیا، جس میں متحدہ عرب امارات کے امریکی اڈے پر میزائل حملہ بھی شامل تھا۔ اگرچہ اماراتی فضائی دفاعی نظام نے زیادہ تر میزائل ناکارہ کر دیے، لیکن ٹکڑوں کے گرنے سے ایک پاکستانی شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جو خطے میں انسانی جانوں پر بڑھتے خطرات کی عکاسی کرتا ہے۔