بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک-افغان سرحدی کشیدگی کے بعد کراچی ہائی الرٹ، شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری

پاک-افغان سرحد کے قریب بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر کراچی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ کراچی پولیس چیف آزاد خان کی جانب سے جاری پبلک سیفٹی ایڈوائزری میں شہریوں کو چوکنا، باخبر اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ایڈوائزری کے مطابق پاکستان اور افغان طالبان فورسز کے درمیان سرحدی تناؤ کے بعد شہر بھر میں نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنا دیا گیا ہے۔ اہم داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں، ریلوے اسٹیشن، ہوائی اڈے، تجارتی مراکز اور دیگر حساس مقامات پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر گشت اور چیکنگ کے عمل کو بڑھا رہے ہیں تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر معمولی نقل و حرکت، لاوارث بیگ یا پیکٹ، یا حساس مقامات کے قریب مشکوک افراد کو دیکھ کر فوراً مددگار 15 پر اطلاع دیں۔ اس کے علاوہ پولیس کی لینڈ لائن 021-99225327 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ چیک پوسٹس یا سرچ آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور ہر وقت اپنا قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں کیونکہ مختلف مقامات پر تصدیق کی جا سکتی ہے۔
کراچی پولیس کے ترجمان نے واضح کیا کہ حالیہ دنوں میں چند شاپنگ سینٹرز اور تجارتی علاقوں سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی اطلاعات بے بنیاد تھیں، جن سے شہریوں میں غیر ضروری خوف و ہراس پیدا ہوا۔ پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع، سندھ پولیس یا مقامی انتظامیہ کے جاری کردہ بیانات پر اعتماد کریں اور غیر تصدیق شدہ خبریں شیئر کرنے سے گریز کریں۔
مسافروں کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ہوائی اڈے اور دیگر اہم مقامات پر سخت جانچ پڑتال کے باعث شہری اپنے سفر کے لیے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے گھر سے روانہ ہوں۔ رش سے بچنے کے لیے مسافر کے ہمراہ صرف ایک فرد کو ڈراپ آف یا پک اپ پوائنٹ تک آنے کی اجازت ہوگی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے ادارے ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ان تمام اقدامات کا مقصد شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور شہر کے امن کو برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں۔