کراچی کے کئی علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر متعدد سڑکیں اور شاہراہیں کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر بند کر دی گئی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پی آئی ڈی سی چوک سے ایم ٹی خان روڈ جانے والے پل کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ایم ٹی خان روڈ پر سلطان آباد کے مقام پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، اسی طرح میری ویدر ٹاور سے مولوی تمیز الدین روڈ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
بوٹ بیسن سے مائی کولاچی بائی پاس جانے والا راستہ بھی کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے، سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی روڈ اور مائی کولاچی روڈ کو ریلوے پھاٹک تک مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے۔
راستوں کی بندش کے باعث سلطان آباد، ہجرت کالونی اور ریلوے کالونی کے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، جبکہ علاقے کے اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سڑکوں کی بندش کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے، شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس اور کلفٹن سے جناح برج اور مائی کولاچی جانے والے ٹریفک کو بوٹ بیسن سے تین تلوار کے راستے بھیجا جا رہا ہے، اسی طرح کلفٹن برج، میٹروپول اور فوارہ چوک سے آنے والے ٹریفک کو بائیں جانب شاہین کمپلیکس کا راستہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں آئی سی آئی چوک سے آنے والے ٹریفک کو بائیں جانب کتیانہ میمن اسپتال سے ہوتے ہوئے نواب مہابت خانجی روڈ کا متبادل راستہ فراہم کیا گیا ہے۔








