تہران، واشنگٹن(نیوزڈیسک) امریکی سینیٹ ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر حملے کرنے سے روکنے میں ناکام ہو گیا، امریکا اسرائیل نے ایران پر مزید سیکڑوں میزائلوں سے حملہ کر دیا، ایران سے جواب میں اسرائیل پر حملوں کی 19 ویں لہر کا آغاز کر دیا گیا، سعودیہ نے مزید کئی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران میں جاں بحق افراد کی تعداد 1 ہزار 45 ہوگئی، اسرائیل کے لبنان پر حملوں میں بھی شدت آ گئی، رہائشی کمپلیکس پر حملہ میں 3 افراد شہید،6 زخمی ہو گئے،،،لبنان میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 75 تک پہنچ گئی۔
سینیٹ میں امریکی حملے روکنے کی قرارداد مسترد
امریکی سینیٹ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران پر حملے روکنے کیلئے صدر ٹرمپ پر دباؤ ڈالنے کی قرار داد مسترد کر دی۔
خبر ایجنسی کے مطابق 100 رکنی امریکی سینیٹ میں قرارداد 47 کے مقابلے 52 ووٹوں سے مسترد کی گئی، سینیٹرز کی اکثریت نے ایران کیخلاف فوجی کارروائی کی حمایت کی، ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز دونوں پارٹیوں کے سینیٹرز کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایران پر فضائی حملے روکے جائیں اور ان حملوں کیلئے کانگریس سے منظوری لی جائے۔
امریکی سینیٹ میں صدر ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کی اکثریت ہے، ری پبلکنز کے 53 اور حزب اختلاف ڈیموکریٹس کی 45 نشستیں ہیں، جبکہ 2 آزاد امیدوار اپوزیشن پارٹی ڈیموکریٹس کے حق میں ہیں۔
اسرائیلی و امریکی افواج کے اندھا دھند حملے
اسرائیلی اور امریکی فوج کے ایران پر اندھا دھند حملے جاری ہیں، تہران، قم، ہمدان، اصفہان، شیراز اور کرمان سمیت ایران کے درجنوں شہروں پر بمباری کی گئی، ایرانی شہر سننداج میں ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی عمارت پر حملے ہوئے۔
غاصب قوتوں کے حملوں کی شدت سے ریڈیو اور ٹیلی ویژن عمارت کے آس پاس کے گھروں کی کھڑکیوں کے شیشیے ٹوٹ گئے، تہران میں آزادی اسکوائر کے مغرب میں کئی مقامات پر بمباری کی گئی، اسرائیل نے مہرآباد ایئرپورٹ کے علاقے میں بھی حملہ ہوا۔
ایران کی جانب سے 19 ویں لہر کا آغاز
ادھر ایران کے اسرائیل پرمیزائلوں اور ڈرونز سے حملے ہوئے ہیں، پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملوں کی 19 ویں لہر کا آغاز کر دیا۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے امریکی و اسرائیلی حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں امریکی فوج کے اڈوں کونشانہ بنایا، امریکا و اسرائیل پر 40 سے زائد میزائلوں سے حملہ کیا۔
ترجمان ایرانی نے کہا کہ حملوں میں امریکا و اسرائیل کے 10 ڈرونز تباہ کر دیے گئے، امریکا اور اسرائیل نے رجیم چینج کی کوشش کی تو اسرائیل کی جوہری سائٹس کو نشانہ بنائیں گے۔
حزب اللہ کا تل ابیب کے جنوب میں فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
حزب اللہ نے تل ابیب کے جنوب میں فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ اسرائیلی آئرن ڈوم ریڈار سسٹم پر ڈرون کے ذریعے کیا گیا۔
سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ صبر کی ایک حد ہوتی ہے، اب بس کھلی جنگ ہے، اسرائیلی حملے منظم جارحیت پر مبنی ہیں، ہم قربانیاں دینے کیلئے تیار ہیں،سرنڈر نہیں کریں گے، امن کیلئے پہلی شرط اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ اور لبنان سے اسرائیل کا انخلا ہے۔
سعودی عرب نے الخرج سٹی کے قریب آنے والے 3 کروز میزائل مار گرائے
سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سعودی فورسز نے الخرج سٹی کے قریب آنے والے 3 کروز میزائل مار گرائے، بیان میں کہا گیا کہ بروقت کارروائی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔









