بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مشرق وسطیٰ میں جنگ، پاکستان سے مسلسل چھٹے روز 145 پروازیں منسوخ

لاہور، کراچی (ویب ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث فضائی بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور پانچ روز کے دوران 8 ممالک کی منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان سے آج مسلسل چھٹے روز بھی مشرق وسطیٰ کے لیے پروازیں متاثر رہیں اور مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے مشرق وسطیٰ کے لیے 35، لاہور سے 29، ملتان سے 12 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ اسلام آباد سے 35، پشاور سے 14، سیالکوٹ سے 12 اور فیصل آباد سے 6 پروازیں بھی منسوخی کا شکار ہوئیں۔

اس کے علاوہ کوئٹہ سے مشرق وسطیٰ کے لیے 2 پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔

دوسری جانب خلیجی ممالک میں ہنگامی انخلا کے پیش نظر دبئی، ابوظبی اور شارجہ ائیرپورٹس سے 167 خصوصی پروازیں آپریٹ کی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق حملوں کے باعث ریاض اور دمام کے فضائی آپریشن بھی متاثر ہوئے، جہاں بدھ کے روز 57 پروازیں منسوخ جبکہ 46 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

علاوہ ازیں دبئی، ابوظبی، شارجہ، کویت، بحرین اور دوحہ سمیت خطے کے کئی ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر رہا۔ کویت اور دوحہ سے گزشتہ پانچ روز کے دوران ایک بھی پرواز آپریٹ نہیں ہوسکی۔

فضائی ڈیٹا کے مطابق ایران کی 240، عراق کی 215، بیروت کی 58، حیفا کی 25 اور تل ابیب کی 380 پروازیں بھی منسوخ کی جاچکی ہیں۔