اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی صورتحال اور ذخائر کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت پیٹرولیم اور متعلقہ اداروں نے ملک میں تیل کی دستیابی اور ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے باوجود ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور عوام کو ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا خدشہ نہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی پیٹرول پمپ مصنوعی قلت پیدا کرنے کے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث پایا جائے اسے فوری طور پر بند کر کے اس کا لائسنس منسوخ کیا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
وزیر اعظم نے وفاقی وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو بلا تعطل فراہمی کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کریں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا جس کے ذریعے صوبوں کے ساتھ ریئل ٹائم میں ڈیٹا شیئر کیا جائے گا اور ملک بھر میں ایندھن کی ترسیل کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جائے گی۔
اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔









