بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ عزم کا اعادہ

ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی وزارت دفاع کے اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلطان نے ریاض میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا اور اس حوالے سے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق گفتگو کے دوران ایران کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف حالیہ جارحانہ اقدامات پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایرانی قیادت دانشمندی اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر سعودی چیف آف جنرل اسٹاف فیاض بن حامد الرویلی اور سعودی وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلیجنس امور حشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستانی وفد کی جانب سے بریگیڈیئر محمد جاوید طارق بھی شریک تھے۔ دونوں فریقین نے مستقبل میں دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور خطے کے امن و استحکام کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔