بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’’حرم شریف کا سکون ناقابلِ بیان ہے‘‘: منور فاروقی کا روحانی تجربہ

معروف بھارتی کامیڈین منور فاروقی نے کہا ہے کہ دنیا میں بے شمار خوبصورت مقامات دیکھے جا سکتے ہیں، مگر مسجد الحرام جیسا سکون کہیں اور محسوس نہیں ہوتا۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے منور فاروقی نے اپنی ذاتی زندگی، روحانیت اور حالیہ عمرے کے سفر سے جڑے احساسات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں وہ بھارت میں نشر ہونے والے ایک رمضان شو میں شریک ہوئے جس کی میزبانی سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان اور ان کے شوہر مفتی انس کر رہے ہیں۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے منور فاروقی نے کہا کہ آج کی زندگی پہلے کے مقابلے میں بہت تیز رفتار ہو گئی ہے اور اسی تیزی کی وجہ سے انسان اکثر ذہنی دباؤ کا شکار بھی رہتا ہے۔
انہوں نے اپنے عمرے کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے ان کی اہلیہ کو کافی معلومات تھیں کیونکہ وہ اس سے پہلے بھی عمرہ ادا کر چکی ہیں۔ ان کے مطابق جب وہ عمرہ ادا کرنے گئے تو انہیں معلوم تھا کہ چند دن بعد واپس آنا ہے، مگر وہاں کی روحانیت اور ماحول ایسا تھا کہ دل واپسی کے لیے آمادہ نہیں ہو رہا تھا۔
منور فاروقی نے کہا کہ حرم شریف کی فضا میں ایک خاص تاثیر ہے جو انسان کے دل کو عجیب سا سکون اور اپنائیت کا احساس دیتی ہے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی کے لیے واقعی دل میں فکر ہو تو اسے بار بار ٹوکنے کے بجائے اس کے لیے دعا کرنا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان جب کسی مشکل میں ہوتا ہے تو سب سے پہلے اللہ کو ہی پکارتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائنس چاہے کتنی ہی ترقی کر جائے، مگر پریشانی کے لمحوں میں زبان سے ’’یا اللہ‘‘ ہی نکلتا ہے، ’’یا ڈاکٹر‘‘ نہیں۔
منور فاروقی کے مطابق اصل کامیابی یہ نہیں کہ انسان کو شہرت یا دولت مل جائے، بلکہ حقیقی کامیابی یہ ہے کہ لوگ آپ کو نیک نیتی اور محبت کے ساتھ یاد کریں اور آپ کے لیے دل سے دعا کریں۔