پاکستان کے معروف فیملی وی لاگر رجب بٹ ایک بار پھر تنازع کا شکار ہوگئے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی اہلیہ ایمان فاطمہ کے ساتھ بے وفائی کا اعتراف کیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔
رجب بٹ ماضی میں بھی مختلف سوشل میڈیا تنازعات اور قانونی معاملات کے باعث خبروں میں رہ چکے ہیں۔ ان دنوں ان کے اور اہلیہ ایمان فاطمہ کے درمیان اختلافات بھی عوامی بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگی تھیں کہ ایمان فاطمہ کے حاملہ ہونے کے دوران رجب بٹ کا ایک اور سوشل میڈیا شخصیت سے تعلق رہا۔ اطلاعات کے مطابق اس دوران ان کا نام انفلوئنسر فاطمہ خان کے ساتھ جوڑا جا رہا تھا اور مبینہ تعلقات سے متعلق خبریں تیزی سے وائرل ہو گئی تھیں۔
ابتدائی طور پر رجب بٹ نے اس معاملے پر زیادہ تفصیل سے بات نہیں کی تھی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ تعلق ان کی شادی سے پہلے ختم ہو چکا تھا۔ اسی دوران ایمان فاطمہ کے بھائی نے بھی ایک بیان میں مبینہ بے وفائی کا ذکر کیا تھا جس کے بعد یہ معاملہ مزید زیرِ بحث آ گیا۔
اب حالیہ گفتگو میں رجب بٹ نے خود تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو دھوکا دیا تھا۔ ان کے مطابق وہ اس عمل پر عوامی طور پر معافی بھی مانگ چکے ہیں اور ایمان فاطمہ نے انہیں معاف کر دیا تھا۔
گفتگو کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ آج تک یہ نہیں سمجھ پائے کہ ایمان فاطمہ نے انہیں کیوں معاف کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ معافی کے بعد اہلیہ نے ان سے آئی فون 17 بھی لیا۔
رجب بٹ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ متعدد صارفین نے ایمان فاطمہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ کچھ لوگوں نے رجب بٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
اداکارہ کرن اشفاق نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس سے بدتر شخص کبھی نہیں دیکھا۔ اس کے علاوہ کئی صارفین نے اس عمل کو اخلاقی اور مذہبی اعتبار سے بھی قابلِ مذمت قرار دیا۔
رجب بٹ کا اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی








